بنگلورو۔18؍نومبر(ایس او نیوز)سیاسی رقابت کا انتقام لینے کیلئے بی جے پی کے ایک کارکن کو سپاری دیکر قتل کروانے کے الزام میں شہر کی کاماکشی پالیہ پولیس نے ایک سابق کارپوریٹر ، اس کی بیوی اور دیگر سات ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔ ہیگن ہلی کے سابق کارپوریٹر 58 سالہ گووند گوڈا، اس کی بیوی 47 سالہ ورمہالکشمی کے ساتھ پولیس نے منی کنٹھا ، ہریش ،منی کنٹھا عرف یوگیش ، سریش ، میاتھیو ، ثناء اﷲ ، اور یو راج کو گرفتار کرلیا ہے۔ بتایا جاتاہے کہ پچھلے بی بی ایم پی انتخابات میں ان تمام نے گووند گوڈا کے حق میں کام کیا تھا۔ پولیس نے اس قتل کیلئے استعمال کیا گیا ہتھیار بھی ضبط کرلیا ہے۔ بتایا جاتاہے کہ ان تمام نے بی جے پی کارکن چک تمے گوڈا کا قتل کیا تھا۔ بتایاجاتا ہے کہ تمے گوڈا کی وجہ سے انتخابات میں ورمہالکشمی کو شکست کھانی پڑی تھی۔ ساتھ ہی چک تمے گوڈا اور ور مہالکشمی کے لڑکے سریش کمار کے درمیان مالی لین دین کی بھی تکرار چل رہی تھی۔ چک تمے گوڈا سے انتقام لینے گووندے گوڈا نے ملزمین کو 30لاکھ روپیوں کی سپاری دی ، جس کے بعد 8 نومبر کی شب سنکتھ کٹے کے گجانند نگر میں چک تمے گوڈا اور ناگنا کی موٹر بائیک روک کر ملزمین نے ان پر قاتلانہ حملہ کردیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں تحقیقات کرتے ہوئے گووندے گوڈا ورمہالکشمی اور دیگر ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔